The 8th Habit
اس کتاب کا اگر چند الفاظ میں تعارف کیا جا ئے تو یہ ہو گا ، کسی ادارے کو بام عروج تک پہنچانے کے لئےضروری ہے کہ سب سے پہلے اپنے اندر کی آواز کو تلاش کریں اور خود آشنائی و خودآگاہی حاصل کریں کہ آ پ کس چیز میں بہترین ہیں یعنی وہ شعبہ جو آپ کے دل کی آواز ہے اور آپ سمجھتے ہیں کہ آپ اسی کی تکمیل کے لئے اس دنیا میں آئے تھے۔ اپنے اندر کی آواز کا سراغ پا کر پھراس کی مدد سے دوسروں کے تن مردہ میں نئی روح پھونکنا شروع کر یں اور ان کی زندگیاں تبدیل کریں۔
باالفاظ دیگر یہ کتاب مصنف کی پہلی کتاب،” موثر افراد کی سات عادات” کا تسلسل نہیں بلکہ ان میں ایک نئی عادت کا اضافہ ہے جس کی بدولت پہلی سات عادات کو مزید تقویت دے کر اوران میں بہتری لا کرشخصیت میں نکھار پیدا کیا جا سکتا ہے۔یوں اس کتاب کا نچوڑیہ ہے کہ سب سے پہلے کچھ بہترین کر نےکے لئے اپنے اندر یہ تلاش کریں کہ آپ کس شعبے میں بہترین ہیں اور پھر اس خاص شعبے میں محنت کر کے اس میں مہارت حاصل کریں اور پھر اسی کی بدولت دوسروں کی زندگی کو موثر ترین اور انقلاب آفرین بنائیں ۔
اپنے اندر کی آواز سن کر دوسروں کو کامیابی کی راہ پر گامزن کرنا ایک صبر آزما مگر دورس نتائج کا حامل کارنامہ ہے ۔تاہم اس کے حصول کے لئے اس بات پر یقین کامل رکھنا ضروری ہے کہ جن کے ارادے پختہ ہوں وہ ناممکن کو ممکن بنا دیتے ہیں۔