The 10% Entrepreneur
زیر ِنظر کتاب مسٹر پیٹرک جے میگینزنے تحریر کی ہے جن کا تعلق امریکہ سے ہے۔مصنف امریکہ کے نامی گرامی سرمایہ کار ہیں اور ایسی کاروباری کمپنیوں کو مشاورت فراہم کررہے ہیں جو دنیا میں انتہائی تیزی سے پھل پھول رہی ہیں۔ مصنف نے اپنی ایک مشاورتی کمپنی بھی بنارکھی ہے جس کانام ”ڈریگو ایڈوائزرز“ ہے۔ اس کے علاوہ مصنف کئی آن لائن کمپنیوں میں سرمایہ کاری کر چکے ہیں۔مصنف امریکہ میں ایک متحرک کاروباری شخصیت کے طور پر پہچانے جاتے ہیں جس کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ وہ کئی مشہور امریکی جریدے مثال کے طور پر فوربز،فورچون،بزنس انسائیڈر،ہوفنگٹن پوسٹ اور بوسٹن میگزین میں آرٹیکل لکھتے ہیں۔
اس معرکتہ آراء کتاب میں مصنف نے انتہائی سادہ مگر مدلل انداز میں ایسے لوگوں کے سامنے ایک کامیاب کاروبار کا نظریہ پیش کیا ہے جو بعض وجوہات کی بنا پر اپنا ذاتی کاروبار شروع نہیں کر پاتے کیونکہ و ہ کسی جگہ ملازمت کرکے بال بچوں کا پیٹ پالتے ہیں۔ وہ نہیں چاہتے کہ وہ اپنا موجودہ کام چھوڑ چھاڑکر کسی ایسے کاروبار میں ہاتھ ڈالیں جو ان کی جمع پونچی ڈبو دے اور ان کو دیوالیہ کر دے۔