Learning Leadership
کسی بھی شعبے میں کامیابی حاصل کرنے کے لئے ضروری ہے کہ آپ کو خود پر یقین ہو کہ آپ یہ کام کر سکتے ہیں۔ اگر بات لیڈر شپ کے متعلق کی جائے تو یہی یقین آپ کو ایک بہترین لیڈر بننے کے لئے مدد گار ثابت ہو تا ہے۔ کوئی بھی شخص یہ صلاحیتیں آپ کے اندر منتقل نہیں کر سکتا بلکہ آپ کو خود ہی اپنے اندر کی صلاحیتوں کو اجاگر کر کے باہر نکالنا ہو گا۔ یہ صرف اسی وقت ممکن ہے جب آپ کو خود پر یقین ہو۔ ایک عظیم اورمستند لیڈر آپ کے اندر سے ہی باہر نکلتا ہے۔ ضرورت اس بات ہے کہ آپ خود کا تجزیہ کر کے اپنی خفیہ قائدانہ صلاحیتوں کو باہر نکالیں۔ خود کو بہتری کی طرف لانے کے لئے ضروری ہے کہ اپنے آپ کو مشکلات کا عادی بنائیں اور مشکلات سے بالکل نہ گھبرائیں۔ اچھے لیڈر ہمیشہ باہمت اور دلیر ہوتے ہیں۔ کوئی بھی شخص بذاتِ خود لیڈر نہیں بن سکتا بلکہ یہ ایک مجموعی کوشش کا نتیجہ ہوتا ہے۔ خود کو کامیاب لیڈر کے طو رپر منوانے کے لئے ضروری ہے کہ آپ لوگوں سے رابطے میں رہیں۔ ان سے بات چیت کریں اور ان سے اس حد تک اچھے تعلقات رکھیں کہ وہ آزادانہ طور پر اپنی اچھی یا تنقیدی رائے آپ تک پہنچاسکیں۔ا س کتاب کے مصنفین کا کہنا ہے کہ تحقیق یہ بات ظاہر کرتی ہے کہ اچھے لیڈر اچھے طالبعلم بنتے ہیں۔ اچھے طالبعلم ہمیشہ خود کو نئے تجربات اورنئے خیالات کے لئے تیا رکھتے ہیں۔
جتنا زیادہ آپ میں تجسس ہو گا، اتنا ہی آپ سیکھنے کے عمل میں کامیابی حاصل کریں گے۔الغرض یہ بات یقین سے کہی جا سکتی ہے کہ مصنفین قارئین کو یہ بات ذہن نشین کرانا چاہتے ہیں کہ مسلسل محنت ہی کامیابی کی کنجی ہے اور خود کو کامیاب انسان کے طور پر منوانا یقین کامل کی بدولت ہی ممکن ہے۔