زبیدہ خاتون اپنے جاہ و جلال اور حسن و جمال کے لحاظ سے دنیا میں بے مثل خاتون ہو گزری ہے۔ وہ عباسی خلیفہ جعفر منصور کی بیٹی اور خلیفہ منصور عباسی کی پوتی تھی۔ اس کا باپ جعفر نہایت خوبصورت نوجوان تھا اور عباسی خاندان میں جس کے ہاتھوں میں خلافت کی باگ ڈورتھی۔وہ خوبصورتی اور دانائی میں سب سے ممتاز تھا۔ اس کی پہلی اولاد یہی زبیدہ خاتون تھی۔
ملکہ زبیدہ ۹۴۱ ہجری میں اپنے عالی شان دادا کی زندگی میں پیدا ہوئی۔ خلیفہ منصور اپنی اس خوبصورت اور ہونہار پوتی کو ہر وقت اپنی آغوش میں رکھتا تھا۔ اس کی شگفتہ طبیعت اور پیاری صورت سے اسے کچھ ایسی محبت ہوگئی کہ اپنے پاس سے اس کا الگ کرنا گوارا نہیں کرتا تھا۔ اس زمانے میں مسلمان عام طور پر عورتوں کی تعلیم پر خاص توجہ دیتے تھے۔
چنانچہ اس کو بھی اچھی تعلیم دلائی گئی۔ شاعری علم و ادب، عربی و فارسی، تفسیر،فقہ اور نحو میں اس کویدطولیٰ حاصل تھا۔چونکہ طبیعت میں اعلیٰ درجہ کی شاہانہ نفاست تھی اس وجہ سے فنون لطیفہ سے بھی اس کو خاص لگاؤ تھا۔