جناب اشفاق احمد ادب کی دنیا کا بہت بڑا نام، پاکستان سے تعلق رکھنے والے اردو کے مشہور ومعروف افسانہ نگار، ڈراما نویس، ناول نگار، مترجم اور براڈکاسٹر تھے۔آپ کے والد کا نام ڈاکٹر محمد خان تھا۔ آپ ۲۲ اگست ۱۹۲۵ ء کو بھارت کے شہرہوشیارپور کے ایک چھوٹے سے گاؤں خان پور میں پیدا ہوئے ۔
آپ کی پیدائش کے بعد آپ کے والدکا تبادلہ خان پور سے فیروزپور میں ہوگیا۔ آپ نے اپنے تعلیمی دور کا آغاز فیروزپور سے کیااور اسی شہر کے ایک قصبہ مکتسر سے ۱۹۴۳ء میں میڑک کا امتحان پاس کیا۔ایف اے کا امتحان بھی فیروز پورشہر کے کالج’’رام سکھ داس‘‘ سے پاس کیا
روم اور فرانس سے اطالوی اور فرانسیسی زبان میں ڈپلومے حاصل کئے اور نیویارک یونیورسٹی سے براڈکاسٹنگ کی خصوصی تربیت حاصل کی۔دوسال تک دیال سنگھ کالج لاہور میں لیکچرر رہے۔او ر پھر بعد میں روم میں اردو کے پروفیسر مقرر ہوگئے۔وطن واپس آکر آپ نے مجلہ داستان گو جاری کیا جو اردو کے آفسٹ طباعت میں چھپنے والے ابتدائی رسالوں میں شمار کیا جاتا ہے۔آپ نے دوسال تک ہفت روزہ لیل و نہار کی ادارت بھی کی۔۱۹۶۷ء میں مرکزی اردو بورڈ کے ڈائریکٹر مقرر ہوئے جو بعد میں اردوسائنس بورڈ میں تبدیل ہوگیا۔۱۹۸۹ء تک اس ادارے سے وابستہ رہے۔صدر جنرل محمد ضیاء الحق کے دور میں وفاقی وزارتِ تعلیم کے مشیر بھی مقرر کئے گئے۔