جناب اشفاق احمد ادب کی دنیا کا بہت بڑا نام، پاکستان سے تعلق رکھنے والے اردو کے مشہور ومعروف افسانہ نگار، ڈراما نویس، ناول نگار، مترجم اور براڈکاسٹر تھے۔آپ کے والد کا نام ڈاکٹر محمد خان تھا۔ آپ 22 اگست 1925ء کو بھارت کے شہرہوشیارپور کے ایک چھوٹے سے گاؤں خان پور میں پیدا ہوئے ۔آپ کی پیدائش کے بعد آپ کے والدکا تبادلہ خان پور سے فیروزپور ہوگیا۔آپ نے اپنے تعلیمی دور کا آغاز فیروزپور سے کیااور اسی شہر کے ایک قصبہ مکتسر سے 1943ء میں میڑک کا امتحان پاس کیا۔
قیامِ پاکستان کے موقع پر آپ اپنے خاندان کے ہمراہ پاکستان ہجرت کرکے لاہورآگئے۔پاکستان آنے کے بعد آپ نے گورنمنٹ کالج لاہور سے ایم اے اردو میں امتیازی حیثیت سے پاس کیا۔اس کے بعد اعلیٰ تعلیم کی غرض سے اٹلی چلے گئے۔روم اور فرانس سے اطالوی اور فرانسیسی زبان میں ڈپلومے حاصل کئے اور نیویارک یونیورسٹی سے براڈکاسٹنگ کی خصوصی تربیت حاصل کی۔دوسال تک دیال سنگھ کالج لاہور میں لیکچرر رہے او ر پھر بعد میں روم میں اردو کے پروفیسر مقرر ہوئے۔وطن واپس آکر آپ نے مجلہ داستان گو جاری کیا جو اردو کے آفسٹ طباعت میں چھپنے والے ابتدائی رسالوں میں شمار کیا جاتا ہے۔