دنیا کے کسی ڈرامہ نگار اورشاعر کے متعلق اتنا نہیں لکھا گیا جتنا کہ ولیم شیکسپئیر کے بارے میں لکھا گیا ہے ۔ انگریزی زبان کوشیکسپئیر پر ہمیشہ ناز رہے گا ۔ وہ تمام دنیا ئے ادب میں جانا پہچانا شاعر اور ڈرامہ نگار ہے۔ وہ واحد شاعر و ڈرامہ نگار ہے جس نے انگریزی ادب کو شہرت کی بلندیوں تک پہنچایا اوراسے ایک نئی زندگی عطا کی ۔ذیل میں اس عظیم ڈرامہ نگار کے حالات زندگی کا ایک سرسری جائزہ پیش کیا جاتا ہے۔
ولیم شیکسپئیر یارکشائر کے ایک گاؤں سٹریٹ فورڈ آن ایوان میں اپریل 1564 ء کو پیدا ہوا (تاریخ پیدائش کے بارے میں مختلف آراء ہیں)۔ شیکسپئیر کے والد کا نام جان شیکسپئراور والد ہ کا نام میری شیکسپئیر تھا۔ اس کے والدین کسان خاندان سے تعلق رکھتے تھے اورکھیتی باڑی کرتے تھے ۔ اس کے والدین اَن پڑھ تھے؛ ا س لئے اس ماحول میںشیکسپئیر بھی تعلیمی لحاظ سے کچھ زیادہ آگے نہ بڑھ سکا۔ شیکسپئیر کا قد درمیانہ ، جسم بھرا بھر ا اوربھوری آنکھوں کے ساتھ سرخ رنگ کے بال تھے ۔ وہ اپنے والدین کا بہت خیال رکھتا تھا۔ 20 برس کی عمر میں شکسپئیر” سٹر یٹ فورڈ” سے لندن آگیا ۔یہاں اس کے ہم عصرکرسٹوفرمارلو اور بن جانسن جیسے عظیم ڈرامہ نگار موجود تھے۔