متحدہ عرب امارات جزیرہ نما عرب کے مشرقی ساحل پر واقع ایک مسلمان ملک ہے جو 7 ریاستوں کے الحاق سے معرض وجود میں آیا۔ اس میں شامل سات ریاستوں کے نام ابوظہبی،دوبئی،شارجہ، عجمان، اُم القوین،راس الخیمہ اور فجیرہ ہیں۔ یہ ریاستی اتحاد 20 دسمبر 1971 کووجود میں آیا اور اب تک کامیابی سے چل رہا ہے۔
تاریخی اعتبار سے متحدہ عرب امارات کے علاقوں میں اسلام کی کرنیں اس وقت پھوٹیں جب حضورﷺ نے 630ء میں عمان کے ساسانی حاکم کو ایک خط کے ذریعے دعوت اسلام دی جس پر ان علاقوں سے ایک وفد قبول اسلام کے لئے مدینہ پہنچااور پھر یہاں نبی ﷺ نے صحابہ کرام کو تبلیغ اسلام کے لئے بھیجا ۔کئی قبائل نے اسلام قبول کر لیا لیکن حضور ﷺ کے وصال کے بعد یہاں لوگ مرتد ہوگئے ۔ کچھ نے زکواۃ سے انکار کردیا ۔