THE 4 DISCIPLINES OF EXECUTION
دنیا میں بہت سے لوگ اعلیٰ سطح کا دماغ رکھتے ہیں اور ان کے پاس مثبت اور تعمیری خیالات کی کمی نہیں ہوتی لیکن مسئلہ یہ ہوتا ہے کہ ان کے پاس ان خیالات کے عملی اطلاق کا کوئی طریقہ کارنہیں ہوتا اور اگرہوتا بھی ہے تو اتنا ناقص ہو تا ہے کہ کامیابی نصیب نہیں ہوتی اور بہت بڑی سرمایہ کاری اناڑی پن کی وجہ سے ڈوب جاتی ہے۔ اس ضمن میں کتاب ہمیں منصوبے کے عملی نفاذ کے سائنسی طریقہ کار سے آگاہ کرتی ہے ۔
کتاب کا مرکزی خیا ل اس نقطے کے ارد گرد گھومتا ہے کہ عمل کے لئے سب سے پہلے اپنی منزل کا تعین کریں ۔ اس کے بعد منزل کے مطابق اپنے اہداف طے کریں اور ان طے شدہ اہداف میں سب سے پہلے یہ دیکھیں کہ کون سے ہدف کلیدی اور اہم ہے اور وہ کس طرح دیگر اہداف کو متاثر کر ے گا۔مثال کے طور پر ایک ہیوی انڈسٹری کے قیام کے لئے سب سے پہلے جس چیز کی ضرورت ہوتی ہے وہ سرمایہ کاری کی دستیابی، مشینری کی فراہمی، کاریگروں کا انتخاب ، اور جگہ کا چناؤ ہے۔اب دیکھنا یہ ہے کہ سب سے پہلےآپ نے کیا کام کرنا ہے اور پھر دوسرے نمبر پر کس کام کی اہمیت ہے۔اس عمل کو کام کی ترجیح کہا جاتا ہے۔ اگر آپ غور کریں توآپ ان چار بیان کئے کاموں کو ترتیب وار اپنی ترجیح بنا سکتے ہیں۔ اس ترجیح کے مطابق قدرتی طور پر سب سے پہلے آپ نے سرمایہ کی فراہمی کو یقینی بنا نا ہے ، اس کے بعد جگہ کاتعین کرنا ہے ، اس کے بعد مشینری کی دستیابی کو یقینی بنانا ہے اور ان تین کاموں کے بعد آپ نے پھر مستعد ورکروں کا انتخاب کرنا ہے جو آپ کے ہیوی انڈسٹری کی صنعت کو عملی جامہ پہنا سکیں۔