پنجابی زبان کے نامور شاعر اور پنجابی کے شیکسپئیر محترم وارث شاہ نے پنجاب کی ایک سچی لوک داستان ہیر لکھ کر نہ صرف محبت کی اس کہانی کو دوام بخشا بلکہ خود کو پنجابی کا عظیم شاعر بھی منوا لیا۔ انہوں نے ہیر اور رانجھا جو عشق کی ایک عام سی ناکام لوک داستان تھی کو کچھ اس سوز و گداز سے پیش کیاکہ اس کے بعد ہر محبت کرنے والے نے اس داستان کو بطور استعارہ استعما ل کیا اور جب کبھی وفا کی بات آئی تو لوگوں نے ہیر اور رانجھے کی مثال دے کر محبت کی راہوں میں وفاکے دیے جلائے۔
پنجابی زبان کے مشہورو معروف شاعر سید وارث شاہ کا سن پیدائش ۵ ربیع الثانی۳۰ ۱۱ ھجری بمطابق 1722 عیسوی ہے۔آپ شیخوپورہ سے 14کلومیٹر دور ایک گاؤں جنڈیالہ شریف میں پیدا ہوئے ۔ ان کے والد گرامی کا نام سید گل شیر شاہ تھا ۔ان کے والد نے انہین پچپن میں قصور کے مقام پر ایک مدرسے میں پڑھنے کے لئے بھیج دیا جہاں آپ اس وقت کے عظیم ٖصوفی شاعر بابا بلھے شاہ کے ہم مکتب تھے۔ وارث شاہ نے اپنی ابتدائی تعلیم شیخ غلام مرتضیٰ سے حاصل کی۔