سٹیفن ہاکنگ 8جنوری 1942 کو آکسفورڈ ،برطانیہ میں پیدا ہوا۔اس کے والد کانام فرینک ہاکنگ جبکہ والدہ کانام ایزابیل ہاکنگ تھا۔ وہ دنیا کے مشہور سائنسدان گلیلیو کی تین سویں سالگرہ کے موقع پر پیدا ہوا اور یوں اس کی نسبت ایک سائنسدان کے حوالے سے اسی شعبے کے ایک اور سائنسدان سے قائم ہو گئی۔ہاکنگ کی والدہ سکاٹ لینڈ کی رہنے والی تھی۔ اس کی والدہ اور والد کو دوران تعلیم مشکلات کا سامنا کر نا پڑا لیکن انہوں نے پھر بھی اپنی تعلیم جاری رکھی ۔
اس کی والدہ نے آکسفورڈ سے فلسفہ جبکہ والد نے طب میں اعلیٰ ترین ڈگری حاصل کی۔ ان دونو ں کی ملاقات جنگ عظیم دوئم کے شروع ہونے کے کچھ عرصے بعد ہوئی جب ایزابیل ایک سیکریٹری اور فرینک بطورمحقق کام کر رہا تھا۔اس وقت وہ ہائی گیٹ نامی قصبہ میں رہ رہے تھے اور لندن پر بمباری ہو رہی تھی ۔یوں سخت دہشت کے عالم میں اس ہاکنگ کی پیدائش ہوئی۔