اسلامی دنیا کا سب سےاہم ملک سعودی عرب جزیرہ نما عرب میں واقع ہے۔ یہ لق و دق صحرا اور چھوٹے چھوٹے سنگلاخ پہاڑوں کا ملک ہے جو نبی آخرالزماں حضرت محمد مصطفے ﷺ سے پہلے مختلف بیرونی حکومتوں کےما تحت رہا ۔انسانی تاریخ میں اس کے کئی حصے اور ٹکڑے ہوتے رہے اورنئی ریاستیں بنتی اور بکھرتی رہیں۔ لیکن حضورﷺ سے پہلے یہ کسی بھی زمانے میں ایک مرکزی ملک بن کر نہ ابھر سکا۔
اس کی وجہ یہ تھی کہ قبائل عرب ایک دوسرے کے ساتھ ہر وقت لڑتے جھگڑتے رہتے تھے اور غیر ملکی طاقتیں (سلطنت روم اور سلطنت فارس )ان کی باہم ناچاکی کا فائدہ اٹھا کر عرب کے اکثر علاقے ہتھیا لیتی تھیں اور موقع ملتے ہی عرب ان علاقوں کو دوربارہ غیروں کے چنگل سے آزاد کروا لیتے تھے۔