زیرِ نظر کتاب ’’پاکستان ناگزیر تھا‘‘کے مصنف سید حسن ریاض کہتے ہیں کہ مسلمانوں کی کوشش سے برصغیر ہند کی تقسیم اور خود مختار اعتقادی دولت کی حیثیت سے پاکستان کا قیام ایسا واقعہ ہے کہ اس پر ہمیشہ گفتگو رہے گی کہ ساری دنیا کی مخالفت کے باوجود یہ کیسے بن گیا۔ برصغیر پر انگریزوں کے تسلط کے ساتھ ہی مسلمان ایسی سخت سیاسی الجھن میں مبتلا ہوئے کہ دنیا کے کسی حصے میں کوئی دوسری قوم نہیں ہوئی۔ وہ برصغیر میں ،جسے بڑے اہتمام سے اور بڑی بدنیتی سے ایک ملک کہا جاتا تھا۔مسلمان تنہا ایک قوم نہیں تھے بلکہ ہندو دوسری قوم تھے جن کی آبادی میں کثرت تھی۔
جنہوں نے مسلمانوں کی فیاضانہ حکومت میں سات سو برس دولت سمیٹی تھی اور اپنے توہمات اور تعصبات کوترقی دینے کیلئے بالکل آزاد رہے تھے۔ وہ مسلمانوں کی مخالفت کیلئے کھل کر سامنے آگئے۔ انہوں نے ہندوستان پر انگریزوں کا تسلط قائم کرنے میں انگریزوں کا پورا ساتھ دیا۔ ہندوؤں کے اس تعاون سے انگریز وں اور ہندوؤں کے مفادایسے مشترک اور متحد ہوگئے کہ مسلمانوں کی طرف سے ایک کے مقابلے میں اپنے مفاد کی حفاظت کی کوشش دونوں کی مخالفت ہوجاتی تھی۔