سپین کا مشہور مصور پیبلو پکاسو 20ویں صدی کا عظیم مصور، مجسمہ ساز اورڈرامہ نگار ہے ۔اس نے اپنی زندگی کا بیشترحصہ فرانس میں گزارا۔ اپنے فن کی بدولت اس نے عالمگیر شہرت حاصل کی۔ اس نے فرانس میں مصوری کے شعبے میں ’’کیوبسٹ تحریک ‘‘کی بنیاد رکھی جس کا مقصد آئل پینٹنگز کے ذریعے رنگوں کو ایک حسین امتزاج کے ساتھ متعارف کروانا تھا۔ اس کی بنائی ہوئیں’’ ایواگان کی نوجوان لڑکیاں‘‘ اور’’گرونیکا‘‘ کی بمباری کی پینٹنگز آج بھی اپنے اندر خوبصورتی، اچھوتا پن اور نفاست لئے ہوئے ہیں۔
بلاشبہ وہ دنیا کے چند نامور مصوروں میں شمار کیا جاتا ہے جن کی تصاویر نے مہنگی ترین بِک کر عالمی ریکارڈ قائم کیا ہے۔ 2018ء تک وہ دنیا کا مہنگا ترین مصور شمار کیا جاتا ہے ۔اب تک کسی اور مصور کی تصاویر اتنی مہنگی نہیں بک سکیں جتنی اس کی فروخت ہوئی ہیں۔