Mirza Asad Ullah Khan Ghalib

مرزا ا سداللہ خان غالب 27دسمبر1797ء میں بمقام دریا گنج ، اکبرآباد آگرہ میں پیدا ہوئے۔مرزا نوشہ عرف نجم الدولہ، دبیرالملک اور نظام جنگ ان کے خطاب تھے۔ وہ شاعری کے آغاز میں’’ اسد‘‘ تخلص کرتے تھے مگر بعد میں اپنا تخلص غالب اختیار کرلیا۔ ہندوستان کے مشہور مصنف مولانا غلام رسول مہر تخلص کی اس تبدیلی کی وجہ فارسی شعرگوئی قرار دیتے ہیں۔ مرزا غالب کا تعلق ایبک ترک قوم سے تھا ۔ بقول غالب ان کا سلسلۂ نسب توران ابن فریدون سے جا ملتا ہے۔ خاندان توران جب کیانی خاندان کے ہاتھوں شکست کھا گیا تو اس خاندان کے افراد مختلف اطراف میں بھاگ نکلے۔

 غالب کے اجداد میں سے ایک شخص ترسم خان نے سمرقند کی راہ لی۔وہ غالب کے پردادا تھے۔ خیال کیا جاتا ہے کہ ان کے دادا، محمد شاہ بادشاہ کے عہد میں سمرقند سے ہندوستان آئے اورلاہور میں معین الملک کے پاس ملازمت اختیار کی۔ بعد ازاں طوائف الملوکی کے باعث دہلی چلے آئے اور نواب ذوالفقارالدولہ مرزا نجف خان کی وساطت سے اچھی ملازمت تلاش کر نے میں کامیاب ہوگئے۔ یہیں غالب کے والد مرزا عبداللہ بیگ کی پیدائش ہوئی۔مرزا عبداللہ بیگ نے ایک کشمیری خاتون عزت النسا سے شادی کی جن سے مرزا غالب پیدا ہوئے ۔

You might be interested