کرشن چندر وزیرآباد (پاکستان)میں 23نومبر 1914ء کو پیدا ہوئے۔ ان کے والد گوری شنکر ڈاکٹر تھے۔ کرشن چندرسے چھوٹے بھائی مہندر ناتھ، اپیندر ناتھ اور اجندر ناتھ اور ایک بہن سرلادیوی تھیں۔ راجندر ناتھ کا بچپن ہی میں انتقال ہوگیا تھا۔ مہندر ناتھ کا انتقال 2 مارچ1974ء میں ہوا۔ وہ اردو کے افسانہ نگار تھے۔ سرلادیوی کا انتقال 8مئی1975ء میں ہوا وہ اردو اور ہندی کی ایک اچھی افسانہ نگار تھی۔ ان کا سارا گھرانہ لکھنے لکھانے میں مصروف عمل رہا اور ان کو ناول نگاری کے میدا ن میں شہرت نصیب ہوئی۔
کرشن چندر نے پانچ بر س کی عمر میں مہنڈر (کشمیر) کے ایک پرائمری سکول سے تعلیم کی ابتداء کی۔ آٹھویں سے دسویں جماعت تک وکٹوریہ جوبلی ہان سکول (پونچھ)میں پڑھے۔ اور پھر فارمن کرسچن کالج (لاہور) سے ایف ایس سی کا امتحان پاس کیا۔ ان کے والد انہیں ڈاکٹر بنانا چاہتے تھے۔ کرشن چندر کو سیاسیات، معاشیات، تاریخ ادب جیسے مضامین سے دلچسپی تھی۔ چنانچہ ان ہی مضامین سے انہوں نے بی اے کیا۔ اس کے بعد 1934ء میں ایل ایل بی کیا۔ ہائی سکول میں انہوں نے اردو اور فارسی زبانیں پڑھیں۔ کھیل کود میں انہیں کرکٹ سے دلچسپی رہی۔مصوری اور موسیقی سے بھی ان کو کافی لگاؤ تھا۔