جب کوئی قوم بامِ عروج پر پہنچ جائے تو اس میں کئی نامور شخصیات پیدا ہونا شروع ہوجاتی ہیں۔ایسی شخصیات سائنسی ، علمی،تنظیمی اور سیاسی محاذ پر اس قوم کی برتری کا لوہا منواتی ہیں اور قوم کے عروج کو استحکام عطا کرتی ہیں۔ ایسی قوم دنیا کے کم عمر ترین اور بہترین سپہ سالار ( محمد بن قاسم) اورلیڈر پیدا کرتی ہے اور ایسے ہی لیڈروں کے فرحت آمیز سائے تلے عظیم اور یکتا قسم کے سائنسدان پیدا ہوتے ہیں۔
اس لحاظ سے تاریخ میں ۸ ویں صدی عیسویں کو ایک نمایاں مقام حاصل ہے جب خلیفہ ہارون الرشید کی علمی سرپرستی اور مدبرانہ سائے تلے دنیا کے عظیم ترین سائنسدان جابر بن حیان نے پرورش پائی۔ وہ اسلامی دنیا تو ایک طرف تمام دنیا کے عظیم لوگوں میں شمار ہو تے ہیں۔ بلاشبہ آج بھی اس عظیم کیمیادان پر پوری دنیا کسی نسلی امتیاز کے بغیر فخر کرتی ہے۔