جمہوریہ انڈونیشیا جنوب مشرقی ایشیااور اوشیانا کا ایک ایسا ملک ہے جو ہندوستان کے قریب واقع ہے۔ یہ ملک بحرالکاہل کے ساحلی علاقے میں واقع ہے اور سترہ ہزار جزیروں پر مشتمل ہے۔ان میں سماٹرا ، جاوا ، سولوویسی ، بورنیو اور نیو گنی قابل ذکرہیں۔ اس کا کل رقبہ1904569 مربع کلومیٹر ہے ۔ انڈونیشیا دنیا میں سب سے زیادہ جزیروں والااوررقبے کے لحاظ سے دنیا کا 14 واں بڑا ملک ہے۔ 270 ملین سے زیادہ افراد پر مشتمل انڈونیشیا دنیا کا چوتھا بڑاگنجان آبادملک ہے ۔یہ کرہ ارض پر مسلم دنیا کے 57 ممالک میں آبادی کے اعتبار سے سب سے بڑا ملک ہے۔ اس کو یہ اعزاز بھی حاصل ہے کہ دنیا کا گنجان آباد جزیرہ جاوا اس میں واقع ہے؛ جہاں اس کی 56 فیصد آبادی رہتی ہے۔
اس وقت ملک میں وحدانی صدارتی نظام رائج ہے جس کے مطابق صدر مملکت ملک اور حکومت کا سربراہ ہوتا ہے اور وہ مسلح افواج کا سپریم کمانڈر بھی ہوتا ہے۔ انڈونیشیا کے موجودہ (2021) صدر کانام جوکو ویدودو ہے ۔جب کہ اس کے نائب صدر کانام معروف امین ہے۔قومی اسمبلی کی سپیکر کا نام پویان مہارانی (خاتو ن) ہے ۔ سپریم کورٹ آف انڈونیشیا کے موجودہ چیف جسٹس کا نام محمدشریف الدین ہے۔ یہ ملک 17اگست 1945 ء میں جاپان اور بعد میں انگریزوں کے قبضے سے آزاد ہوا۔