حضرت موسیٰ ؑ اللہ تعالیٰ کے جلیل القدر پیغمبر تھے جو 1391قبل از مسیح میں مصر کے شہر گوشن میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے فرعون کے محل میں پرورش پائی۔ جب اللہ تعالیٰ نے ان کو تبلیغ دین کاحکم دیا تو اہل مصر یوں نے ان کی تکذیب کی ۔انہوں نے کچھ عرصہ مدین میں گزارا جہا ں سے واپسی پر ان کو کوہ طور پر اللہ تعالیٰ نے اپنا جلوہ دکھایا ۔ ان کے بہت سے معجزات میں اعصا یعنی چھڑی ایک ناقابل تردید معجزہ تھا ۔وہ اس سے جو کام لینا چاہتے وہ ہوجاتا۔ مصر میں واپسی پر فرعون نے سرکشی کی اور ان کے معجزات کو جھٹلایا۔ اس پر اللہ تعالیٰ نے ان کو بنی اسرائیل کے بارہ قبائل کے ساتھ واپس کنعا ن جانے کا حکم دیا ۔واضح رہے بنی اسرائیل حضرت موسیٰ کی پیدائش سے پہلے 430سال قبل حضرت یوسف ؑ کے بلانے پر مصر گئے تھے اور بعد میں مصری حکمرانوں نے ان کو غلام بنا لیا تھا۔
حضرت موسیٰ کلیم اللہ ؑ کا نام اور شجرہ نسب کچھ یوں ہے:موسیٰ بن عمران بن قاہت بن عاذ بن لاوی بن یعقوب بن اسحاق بن ابراہیم علیہ ۔ حضرت موسیٰ کے والد محترم کا نام عمران اور والدہ کانام’’ یوکابد ‘‘ تھا جو رشتے میں عمران کی چچا زاد بہن تھیں۔ یہ خاندان حضرت یعقوب ؑ کے بیٹے لاوی کی اولاد میں سے تھا۔