حضرت لال شہباز قلندر ؒ کا مزار سہیون شریف ،سندھ میں واقع ہے۔ وہ ایک صوفی بزرگ، فلسفی، شاعر اور قلندر تھے جنہوں نے ہندوؤں اور مسلمانوں کو مذہبی رواداری، بھائی چارے ،پیار و محبت اور واحدنیت کا درس دیا۔ ان کی مذہبی رواداری کی وجہ سے تمام مذاہب کے لوگ ان کی طرف کھنچے چلے آتے تھے۔ انہیں ان کے سرخ لباس کی وجہ سے ’’لال‘‘ اورفنا فی اللہ کے جذبے کی وجہ سے ’’شہباز‘‘ کہا جاتا ہے۔ بہت سے ہندو انہیں بھرتھری کا اوتار سمجھتے ہیں جبکہ بعض مریدوں کے خیال میں وہ جھولے لال کی تجسیم ہیں۔ ہر سال لاکھوں زائرین سہیون شریف میں آپ کے مزار کی زیارت کرنے ، منتیں ماننے اور چڑھاوے چڑھانے آتے ہیں۔آج سے کئی صدیاں پہلے محبت و اخوت کے جو دیپ انہوں نے جلائے وہ آج بھی اسی آب و تاب سے روشن ہیں ۔
حضرت لال شہباز قلندر کی پیدائش 1143ء کو موجودہ آذربائیجان کے علاقے نروند میں ہوئی۔ ان کا اصل نام سید عثمان تھا جبکہ ان کے والد کا نام سید کبیر تھا۔نروند کو بعض مورخین نے نے میوند بھی لکھا ہے۔ یہ شہر ایران کے موجودہ چوتھے بڑے شہر تبریز سے کچھ فاصلے پر واقع تھا۔