نامور صحابیہ رسولﷺ حضرت خولہؓ،حضرت ازورؓ کی دختر تھیں اور حضرت ضراربن ازورؓ نامور اسلامی مجاہد سپہ سالار کی چھوٹی بہن تھیں۔حضرت ازور نبی ﷺ کے سامنے شہادت کے مرتبے پر فائز ہوئے اور ان کے بعد ان کے بیٹے اور بیٹی نے اسلام کی سربلندی کے لئے جو معرکے لڑے وہ نہ صر ف گراں قدر ہیں بلکہ ناقابل یقین اور حیرت انگیز بھی ہیں۔ ان کی بے مثال بہادری کی داستانیں آج بھی اہل اسلام کو عزم و حوصلہ عطا کرتی ہیں۔ ذیل میں ان ممتاز و بہادر صحابیہ ؓ کے حالات زندگی کا مختصر خاکہ پیش کیا جاتا ہے۔
حضرت خولہؓ کے والدکا نام حضرت ا زورؓ تھا وہ صحابی رسول تھے اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی آنکھوں کے سامنے ہی شہید ہوئے تھے۔ حضرت خولہؓ اور ان کے بھائی ضرارؓ دونوں بھی اپنے والد کی طرح سچے عاشق رسول او لڑائی کے ماہر تھے۔اسی غرض کیلئے شام اور مصر کی فتوحات میں بھائی بہن برابر شریک رہے۔ان کی بوڑھی ماں مدینہ شریف میں اکیلی رہتی تھی۔ حضرت خا لدؓ اور حضرت ابو عبیدہ رضی اللہ تعالیٰ عنہٗ ان دونوں کی بڑی قدر کرتے تھے کیونکہ ان میں غیرمعمولی جرات اور بہادری تھی اور دونوں فوج کے تمام سپاہیوں میں ہردلعزیز تھے اور مجاہدین اسلام کے ہمت و حوصلے کو بڑھانے کے لئے ہر محاذ پر آگے آگے رہتے تھے۔