حضرت ابراہیم ؑ اللہ تعالیٰ کے برگزیدہ نبیؑ تھے۔ آپ ؑ بابل کے شہر میں پیدا ہوئے۔ان کے والد محترم ایک بت تراش تھے۔ حضرت ابراہیم ؑ کے بیٹوں میں حضرت اسماعیل ؑ اور حضرت اسحاق ؑ شامل تھے۔
ابراہیم علیہ السلام کا سلسلہ نسب یہ ہے:ابراہیم بن تارخ بن ناحور بن ساروغ بن راغو بن فالغ بن عابر بن شالح بن ارفحشذ بن سام بن نوح علیہ السلام ۔حافظ ابن عساکر رحمۃ اللہ نے اپنی تاریخ میں حضرت ابراہیم علیہ السلام کے حالات کے ضمن میں اسحاق بن بشرکاہلی ،جو کتاب ’’المبتدا‘‘کے مؤلف ہیں سے بیان کیا ہے کہ ابراہیم علیہ السلام کی والدہ محترمہ کانام حضرت امیلہ تھا ۔ان کے بعد انہوں نے حضرت ابراہیم علیہ السلام کی ولادت کے متعلق ایک طویل قصہ بیان کیا ہے۔