حضر ت ہود علیہ السلام کا سلسلہ نسب یوں ہے:ہود بن شالخ بن افخشذ بن سام بن نوح علیہ السلام۔یہ بھی کہا گیا ہے کہ ہود علیہ السلام ہی عابر بن شالخ بن ارفخشذ بن سام نوح علیہ السلام ہیں۔ا ن کا سلسلہ نسب یوں بھی بیان ہوتا ہے:ہود بن عبداللہ بن رباح الجارودبن عاد بن عوص بن ارم بن سام بن نوح علیہ السلام اس کو جریر نے بیان کیا ہے۔
حضرت ہود علیہ السلام عاد بن عوص بن سام بن نوح کے قبیلہ سے تعلق رکھتے تھے۔یہ عرب لوگ تھے اور (احقاف)میں آباد تھے۔احقاف ریت کے پہاڑوں کو کہتے ہیں۔یہ ساحل سمندر کے قریب علاقے میں آباد تھے جسے ”شجر“ کہا جاتا ہے اور ان کی وادی کانام ”مغیث“ تھا۔وہ بڑے بڑے ستونوں والے خیموں میں رہتے تھے جیسے اللہ نے فرمایا:”کیا تونے دیکھا نہیں تیرے رب نے عادیوں کے ساتھ کیا کیا؟حضرت اسماعیل علیہ السلام سے پہلے پیدا ہونے والے عربوں کو ”عرب عاربہ“ کہا جاتا ہے اور ان کے کئی قبیلے ہیں جن میں سے چند ایک درجہ ذیل ہیں:عاد، ثمود، جرہم، خمیس، امیم، مدین، عملاق، عبیل، جاسم، قحطان اور بنو قطن۔
عرب مستعربہ اسماعیل بن ابراہیم کی اولاد میں سے ہیں۔اسماعیل بن ابراہیم فصیح و بلیغ عربی بولنے والے پہلے شخص ہیں۔