حضرت داؤد ؑ بنی اسرائیل کے جلیل القدر انبیاء میں شامل ہیں ۔ ان کو اللہ تعالی ٰ نے بہت بڑے ملک کی حکومت کے ساتھ ساتھ نبوت کا منصب جلیلہ بھی عطا کیا۔ وہ دسویں صدی قبل از مسیح میں پیدا ہوئے اور نویں قبل از مسیح میں فوت ہوئے۔ وہ لوہے سے زرہ بنانے کا کام کرتے تھے۔ وہ صوم و صلواۃ کے پابند تھے اور رات کو اٹھ کر عبادت کرتے تھے۔ وہ غیر معمولی طور پر بہادر اور ذہین تھے۔ ان پر اللہ تعالیٰ نے آسمانی کتاب زبور نازل کی جس کی تعلیمات سے بنی اسرائیل کے لوگوں کی زندگیوں میں تبدیلی آئی۔
حضرت داؤد علیہ السلام اللہ کے نبی تھے۔ان کا تعلق بنی اسرائیل سے تھا اور وہ حضرت ابراہیم خلیل اللہ کی اولاد میں سے تھے۔ ان کا نسب نامہ یہ ہے : داؤد بن ایشا بن عوید بن عامر بن سلمون بن نحشون بن عوینا دب بن ارم بن حصرون بن فارص بن یہودا بن یعقوب بن اسحاق بن ابراہیم الخلیل۔وہ ابراہیم خلیل جو اللہ کے بندے اور نبی اور بیت المقدس میں اللہ کے نائب تھے۔