حضرت بایزید بسطامی بہت بڑے اولیاء اور مشائخ عظام میں ہیں۔آپ نے ریاضت و عبادت کے ذریعے قرب الہی حاصل کیا اور احادیث بیان کرنے میں آپ کو کمال حاصل تھا۔ حضرت جنید بغدادی ؒ کا قول ہے کہ حضرت با یزید بسطامی ؒ کو اولیاء میں وہی اعزاز حاصل ہے جو حضرت جبرئیلؑ کو ملائکہ میں اور مقام توحید میں تمام بزرگوں کی انتہا آپ کی ابتداء ہے۔
کیونکہ ابتدائی مقام میں ہی لوگ سرگرداں ہو کر رہ جاتے ہیں جیسا کہ حضرت با یزید ؒ کا قول ہے کہ اگر لوگ دو سو سال تک بھی گلشن معرفت میں سرگشتہ رہیں جب کہیں جا کر ان کو وہ ایک پھول مل سکتا ہے جو مجموعی طور پر ابتداء ہی مجھے مل گیا۔ شیخ ابو سعید ؒ کا قول ہے کہ میں پورے عالم کو آپ کے اوصاف سے لبریز دیکھتا ہوں لیکن اس کے باوجود بھی آپ کے مراتب کو کوئی نہیں جانتا۔