ہر اُمّت کا ایک امین ہوتا ہے اور میری اُمّت کا امین ابو عبیدہ بن جراحؓ ہے (فرمان رسولؐ)۔
امین الا مت ، عشرہ مبشرہ اور لشکر اسلام کے کمانڈر ان چیف حضرت ابو عبیدہ الجراح اسلام کے نامور ترین صحابہ کرامؓ میں شمار کئے جاتے ہیں۔ آپؓ بارعب،حیادار ،خوش شکل ،خوش گفتار ،ہنس مکھ صحابی رسولﷺ تھے۔ آپؓ امانت و دیانت کی بے مثال علامت تھے جنہیں سرور کونین رسول معظم ؐ نے ’’امین امت‘‘کا لقب دے کر ممتاز بنا یا۔حضرت عبد اللہ بن عمرؓ فرماتے ہیں:’’ قریش میں تین شخصیات ایسی ہیں جن کے چہرے سب لوگوں سے بڑھ کر حسین ، اخلاق سب سے عمدہ اوران میں حیا سب سے زیادہ پایا جاتاہے ۔
اگر و ہ کسی سے گفتگو کریں تو گویا الفاظ مصری کی ڈلیاں محسوس ہوں ۔ جوکوئی ان کی طرف دیکھے تو دیکھتا ہی چلا جائے ۔میری نظر میں وہ شخصیات یہ ہیں:حضرت ابو بکر صدیقؓ ؓ ،حضرت عثمان بن عفانؓ ا ورحضرت ابو عبیدہ بن جراح ؓ ۔ ‘‘ آپؓ کی سپہ سالاری میں مسلمانوں نے سلطنت روما اور فارس کا خاتمہ کیا ۔