حضرت غوث الاعظم شیخ عبدالقادر جیلانیؒ سلسلہ قادریہ کے بانی اور اللہ تعالیٰ کے برگزیدہ اولیاء اللہ ہیں۔ انہوں نے بے شمارمسلمانوں کو دینی تعلیم کے زیور سے آراستہ کیا۔ اس کے علاوہ انہوں نے کئی لوگوں کو علم تصوف اور توحید سے متعارف کروایا۔ وہ پیر طریقت اوراخلاق نبویﷺ کا کامل نمونہ تھے۔ باوجود رفعت اور وسعت علم کے وہ ہمیشہ ضعیفوں کے ساتھ بیٹھتے اور فقراء اور مساکین کے ساتھ تواضع و تکریم سے پیش آتے۔ وہ امیرو غریب سب پر شفقت فرماتے اور سب کے ساتھ نہایت شگفتہ روئی اور دلجوئی سے پیش آتے تھے۔
حضرت شاہ عبدالقادر جیلانی نے ابتدائی تعلیم جیلان میں حاصل کی اور قرآنِ مجید بھی یہیں سے حفظ کیا۔ 18 سال کی عمر میں وہ تحصیل علم کے لئے بغداد چلے گئے۔جہاں انہوں نے حنبلی مکتبہ فکر کی تعلیم حاصل کی۔ انہوں نے قرآن پاک کی تفیسر اور درس حدیث اپنے وقت کے جید علماء ابو سعید عثمانی، ابن عاقل، ابو جعفر سراج سے حاصل کی۔ ان کے صوفی استاد کا نام ابو الاخیر عماد تھا جن سے آپ نے تزکیہ نفس اور روحانیت کی تعلیم حاصل کی۔ وہ تحصیل علم کے بعد دنیاوی اور دینوی دونوں لحاظ سے اعلیٰ پائے کی ہستی بن گئے۔