چندرا گپتا موریا ہندوستان کا ایک عظیم حکمر ان تھا۔ اس نے اپنے اتالیق کوٹلیہ چانکیہ کی مدد سے اپنے باپ کے قاتل نندا کی بادشاہت کا خاتمہ کیا اور پتالی پترا کے مقام پر ایک وسیع اور خوشحال حکومت کی داغ بیل ڈالی ۔ اس کی وفات کے بعد اس کا بیٹا بندوسارا اور پوتا اشوکا ہندوستان کے حکمران بنے ۔چندرا گپتا موریا کے خاندان نے ہندوستان پر 180سال تک حکومت کی۔
چندرا گپتا موریا 321قبل از مسیح میں پیدا ہوا۔اس کے باپ کا نام سریا گپتا اور ماں کا نام مورا تھا۔مذہبی لحاظ سے وہ ہندو تھا ۔بعد میں اس نے جین مت اختیار کر لیا۔وہ ہندوؤں کے کھشتر طبقہ سے تعلق رکھتا تھا۔اس کی بیوی کا نام ڈرڈھارا تھا۔چندرا گپتا کے بعد اس کا بیٹا بندوسارا ہندوستان کا حکمران بنا۔بندوسارا کے بعد چندرا گپتا کا پوتا اشوکاایک عظیم حکمران بنا۔پٹنہ یونیورسٹی کے مشہور پروفیسر ایس ایس سنگھ کے بقول :’’ چندرا گپتا ہندوؤں کے ایک نچلے طبقے میں پیدا ہوا ۔اس کا تعلق بھارت کے صوبہ بہار سے تھا۔اس کا والد موروں کی وجہ سے مشہور ہواکیونکہ وہ مور پالتا تھا اور ان کا کاروبار کرتا تھا۔‘‘بعض مورخین لکھتے ہیں کہ چندرا گپتا کا والد سریا گپتا پٹنہ گاؤں کا سردار تھا اور یہ پورا گاؤں موروں کی وجہ سے مشہور تھا۔اس لئے لوگ اس گاؤں کے رہنے والوں کو (موروں والا) کے نام سے پکارتے تھے۔