جنگ بد ر اسلام کی پہلی فیصلہ کن لڑائی تھی ۔ یہ جنگ2ہجری بمطابق 17 رمضان المبارک بروز جمعہ بدر کے مقام پرمسلمانوں اور قریش مکہ کے درمیان لڑی گئی۔ یہ جنگ13مارچ 624کو وقوع پذیر ہوئی۔ بدر کا مقام مدنیہ سے 65 میل دور ہے۔ تعداد کے لحاظ سے دنیا کی فیصلہ کن جنگوں میں غالباً یہ سب سے چھوٹی جنگ تھی مگر اس کے نتائج دنیا کی عظیم ترین فیصلہ کن جنگوں سے زیادہ موثر اور دیرپا تھے۔ اس جنگ کی فتح کے بعد اسلام پھیلتا ہی گیا اور چند ہی سالوں میں مسلمانوں نے قیصرو کسریٰ کی عظیم سلطنتوں کو پے در پے شکستیں دے کر دنیا کی تاریخ کا رخ ہی بدل کر رکھ دیا۔
جنگ بدر سے پہلے کفاّر مکہ اور مسلمانوں کے درمیان اکثر جھڑپیں ہو ا کرتی تھیں اور کفار مکہ مسلمانوں کونقصان پہنچانے کے در پے رہتے تھے ۔ اسی لئے مسلمانوں نے اپنے د فاع میں ہتھیار اٹھائے ۔ ان دستوں کی نفری چند افراد پر مشتمل ہوتی تھی مگر کفّار ہمیشہ لڑاکا دستے بھیجتے تھے۔جمادی الثانی 2ھ میں کفّار کے ایک دستے نے مدینہ کی ایک چراگاہ پر اچانک حملہ کیا اور مسلمانوں کے بہت سے اونٹ وغیرہ پکڑ کر لے گئے ۔