کتاب’’ ایشیا کا مقدمہ ‘‘ڈاکٹر مہاتیر محمد ، وزیراعظم ملائیشیا کی تحریر ہے جو ان کے ذاتی تجربات کا خوبصورت مرقع ہے۔ اس کتاب میں مصنف نے اپنے اور اپنے ملک کی ترقی کی تاریخ اور ان کو درپیش مسائل کو تفصیل سے بیان کیا ہے۔ مصنف نے کتاب کا آغاز اپنے بچپن سے کیا ہے ۔ انہوں نے نوآبادیاتی نظام اور ملایا کی آزادی پر سیر حاصل تبصرہ کیا ہے۔ مصنف نے سیاست میں اپنے کردار کو مرحلہ وار بیان کیا ہے۔ انہوں نے ملائشیاکی ترقی کے تیس سال کو بہت وضاحت سے بیان کیا ہے اور اس کے بعد ایشیائی ممالک میں اقتصادی بحران اور افراط زر پر روشنی ڈالی ہے اور اس بحران کے ذمہ داروں کا تعین کیا ہے۔
مہاتیر محمد اپنی کتاب میں اس بات کی وضاحت بھی کرتے ہیں کہ انہوں نے کس طرح اقتصادی بحرا ن پر قابو پایا۔ مصنف اپنی کتاب میں ایک متحدہ ملائی قوم (جن میں ملائی ، چینی، انڈین شامل ہیں) پر تبصرہ کیا ہے کہ کس طرح انہوں نے ایک متحدہ قوم تشکیل دی اور اقتصادی ترقی کے حصول کے بعدکس طرح انہوں نے معاشی مساوات حاصل کی۔