اسلامی دنیا عظیم لوگوں کے کارناموں سے بھری پڑی ہے۔انہوں نے دنیا سے مسلمانوں کی عظمت کا سکہ منوایا۔ ان عظیم لوگوں میں شاعر، محقق ، جرنیل ، سیاستدان اور سائنسدان شامل ہیں۔ حیرت کی بات یہ ہے کہ مسلم دنیا کے یہ عظیم سپوت تقریباً ۸ویں صدی عیسو ی سے لیکر ۱۳ ویں صدی عیسوی کے دوران عروج کی بلندیوں پر جگمگاتے نظر آتے ہیں ۔ اس کی بنیادی وجہ یہ ہے کہ یہ وہ وقت تھا جب عالم اسلام میں نشاۃ ثانیہ کا دور دورا تھا اور یورپ جہالت کے اندھیروں میں گھرِا ہوا تھا۔
چنانچہ آج بھی مسلم سائنسدانوں کے کارناموں کی داستانیں دنیا میں مشہور ہیں عالم اسلام کے عروج کو چار چاند لگانے والوں میں سے ایک نام عظیم مسلم سائنسدان ابوریحان محمد احمد البیرونی کا ہے جو ایک ما یہ ناز سائنسدان اورما ہرارضیات و نجوم تھے ۔