جمال الدین افغانی المعروف جمال الدین اسدآباد ی افغانستان کے مشہور سیاسی مفکر تھے جنہوں نے دنیا کے مسلمانوں کو پین اسلام ازم کی تحریک کے لئے تیار کیا۔ وہ انیسویں صدی کے واحد اسلامی راہنما تھے جنہوں نے پوری اسلامی دنیا کو رنگ و نسل، افکار، مسلک اور فرقہ بندی کو بھلا کر ایک پلیٹ فارم پر جمع ہونے کاپیغام دیا اور اس مقصدکے لئے وہ دردر کی ٹھوکریں کھاتے رہے۔انہوں نے اپنے نظریات کی وجہ سے قید و بند کی صعوبتیں برداشت کیں حالانکہ وہ کسی بھی اسلامی ملک یا یورپ کے کسی بھی ملک میں عیش وعشرت کی زندگی گزار سکتے تھے۔
وہ ہندوستان کے مسلمانوں کے غم خوار تھے اور ان کی تعلیمات سے تحریک پاکستان کے تمام مسلمان لیڈر ہی متاثر ہوئے۔ان میں سر سید احمد خان، مولانا محمد علی جوہر، نواب وقارالملک ، نواب محسن الملک اور سب سے بڑھ کر علامہ محمد اقبال جنہوں نے دو قومی نظریہ پیش کیا ،شامل تھے۔