Nawab Iftikhar Hussain Mamdot

تحریک پاکستا ن کے رہنما اور مغربی پاکستان کے سابق وزیراعلیٰ نواب افتخار حسین ممدوٹ کا گھرانہ پاکستان کی سیاست میں ایک اہم مقام رکھتا ہے۔ ان کے والد اور دادا انگریز دور سے اہم سیاسی عہدوں پر فائز رہے ہیں۔ اس لئے افتخار حسین کو بھی شروع سے ہی سے سیاست میں دلچسپی رہی۔ انہوں نے سیاست میں عملی حصہ لے کر یہ جان لیا کہ آل انڈیا مسلم لیگ ہی صحیح معنوں میں برصغیر پاک و ہند کے مسلمانوں کی واحد نمائندہ جماعت ہے ۔چنانچہ انہوں نے آل انڈیا مسلم لیگ میں شمولیت اختیار کرتے ہوئے پنجاب میں مسلم لیگ کے لئے بے حد اہم خدمات انجام دیں اور قیامِ پاکستان میں قائداعظم اور ان کے رفقاء کا ساتھ دیا۔ نواب افتخارحسین ممدوٹ کو تحریک پاکستان کے بانی رہنماؤں میں شمار کیا جاتا ہے۔ 

نواب افتخار حسین ممدوٹ، تحریک پاکستان کے رہنما سر شاہ نواز خان ممدوٹ کے بیٹے تھے۔وہ ۳۱ دسمبر ۱۹۰۶ء میں لاہور میں پیدا ہوئے۔ ابتدائی تعلیم و تربیت گھر پر حاصل کرنے کے بعد لاہور ہی میں ہائی سکول سے میٹرک پاس کیا۔ اس کے بعد گورنمنٹ کالج لاہور سے بی اے کیا۔ بعد میں انہوں نے حیدر آباد دکن کی پولیس سروس میں شمولیت اختیار کی۔۱۹۴۲ء میں اپنے والد کی وفات کے بعد ممدوٹ خاندان کے سربراہ بنائے گئے ۔اس وقت پنجاب میں سب سے زیادہ زمینیں اس خاندان کے پاس تھیں۔ وہ لاہور کے حکمران ممدوٹ خاندان سے تعلق رکھتے تھے جنہوں نے تحریک پاکستان اور بعد کے دور میں سیاست میں بھر پور حصہ لیا۔ 

You might be interested