تاریخ عالم میں کئی خواتین ایسی گزری ہیں جنہوں نے مردوں کی طرح تاج پہن کر حکومت کی۔ ایسی ہی بہادر اور معاملہ فہم خواتین سے آنے والی نسلیں حوصلہ پاتی رہی ہیں۔ ان ممتاز خواتین میں ہندوستان کی ملکہ رضیہ سلطانہ کا نام بھی شامل ہے۔ پانچ سال تک سلطنت دہلی پر حکمرانی کرنے والی یہ ملکہ اپنے زمانے میں غیر معمولی حیثیت کی مالک تھی۔ یہ نوجوان اور حسین ملکہ بلا شرکتِ غیرے اپنی قابلیت، حسنِ تدبیر اور زورِ بازو سے تخت ہند پر نہایت شان و شوکت سے جلوہ گر ہوئی۔
وہ مردانہ لباس پہن کر تخت ِ سلطنت پر بے نقاب بیٹھتی، خود مقدمات کا فیصلہ کرتی، تمام فرامین اس کے قلم سے جاری ہوتے، سلطنت کی جزوِ کل نگرانی کرتی، میدانِ جنگ میں اپنی فوج کی سپہ سالار خود بنتی۔جب وہ جنگی لبادے میں گھوڑے یا ہاتھی پر بیٹھ کر میدان جنگ میں اترتی تو اس کے سپاہی اس پر قربان ہونے کو تیار ہو جاتے اور دشمن پر سکتہ طاری ہو جاتا۔