حضرت امام شافعیؒ اپنے زمانے کے عظیم مفسرِ قرآن، شارح حدیث، مجتہد و فقیہ ، جید عالم ،مقررا و رمصنف تھے۔ آپ شافعی مسلک کے بانی تھے ۔ انہوں نے اپنے قول کو کبھی بھی حرفِ آخر نہیں سمجھا بلکہ مسلسل غور و فکر میں لگے رہتے اور اپنی تحریروں میں مزید تحقیق و جستجو ا وراجتہاد کیمطا بق حذف و اضافہ کرتے رہتے تھے ۔ ان کی بدولت لاکھوں مسلمانوں نے قرآن و حدیث کی تعلیم حاصل کی اور اپنے عقائد کو درست کیا۔
حضرت امام شافی رحمتہ اللہ علیہ کے والد گرامی ان کی ولادت سے قبل ہی دنیا سے رخصت ہو چکے تھے ۔ جب ان کی عمر دو سال ہوئی تو انکی کی والدہ اپنے بھائی کے پاس یمن چلی گئیں ۔ اس دوران امام شافعی کی تعلیم و تربیت شروع کر دی گئی ۔ انہوں نے سات سال کی عمرمیں قرآن مجید حفظ کر لیا اور آٹھ سال کی عمر میں انہوں نے امام مالک رحمۃ اللہ علیہ کی مشہور کتاب ’’موطا‘‘ زبانی یاد کر لی ۔دس سال کی عمر کو پہنچنے پر ان کی والدہ نے ان کو مزید تعلیم و تربیت کے لیے اپنے چچا کے پاس مکہ مکرمہ بھیج دیا ۔