کتاب ’’اپنا گریبان چاک‘‘ میں ڈاکٹر جاوید اقبال صاحب نے اپنے بچپن سے لیکر بڑھاپے تک کے تمام اہم واقعات کو تفصیل سے قلم بند کیا ہے۔اس کتاب میں شامل ۱۳ ابواب شامل ہیں جس میں مصنف نے اپنے بچپن، جوانی، تعلیم، ازدواجی زندگی، پیشہ ورانہ زندگی اور پاکستان کی تاریخ کو بہت وضاحت سے کھرے اور نپے تلے انداز میں پیش کیا ہے۔ اس کتاب کے مطالعہ کے بعد قاری علامہ اقبالؒ کی زندگی کے ان گوشوں سے بھی واقفیت حاصل کر لیتا ہے جو عام کتابوں میں نہیں ملتے۔
کتاب کی نمایاں خوبی مصنف کی سچائی اور بغیر کم و کاست واقعات کو سپرد قلم کرنا ہے جس سے ظاہر ہو تا ہے کہ مصنف ایک سچے، کھرے اور مخلص انسان تھے۔انہوں نے کہیں بھی ہمیں یہ احساس نہیں ہونے دیا کہ وہ علامہ اقبال جیسے کامل مفکر اور شاعر مشرق کے بیٹے ہیں بلکہ ان کی کتاب پڑھنے کے بعد قاری خود بخود ہی ان کی عظمت ، علم اور اخلاص کا قائل ہوجاتا ہے اور اقبال سے ہٹ کر ایک اور اقبال سے آشنائی حاصل کرتا ہے۔